ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب نے کہا ہے کہ اگر اتحادی ممالک شام میں داعش کے خلاف زمینی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیں تو وہ شام میں زمینی فوج بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
عرب ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سعودی وزیر دفاع کے مشیر اور یمن میں سعودی اتحاد ی فوج کے ترجمان برگیڈیئر جنرل احمد عصیری نے کہا کہ امریکی اتحادی ممالک متفق ہو جائیں، تو سعودی عرب شام میں داعش کے خلاف زمینی آپریشن میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔
سعودی عرب 2014 سے شام میں داعش کے خلاف امریکی اتحاد میں شامل ہے اور اب تک190سے زائد فضائی کارروائیاں کر چکا ہے۔ سعودی عرب کو یقین ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے صرف فضائی حملے درست حل نہیںبلکہ ساتھ زمینی آپریشن بھی ضروری ہے۔
دوسری جانب، امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے شام میں زمینی افواج بھیجنے کی پیش کش کی ہے جس پر آئندہ ہفتے برسلز میں ہونے والے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔