کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بھتہ نہ دینے پر نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر پر چوتھی بار کریکر بم سے حملہ،قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،ادھر ملیر سٹی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
کراچی میں ای مارکیٹ کے قریب رات گئے موٹر سائیکل سواروں نے نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر پر کریکر حملہ کیا جس سے ٹرانسپورٹ کمپنی کی گاڑیوں اور اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک انور علی کے مطابق انہیں بیس لاکھ روپے بھتے کی ادائیگی کے لیے چار ماہ سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں۔
اس سے پہلے بھی ان پر تین حملے کیے جا چکے ہیں جس کی رپورٹ تھانہ ٹیپو سلطان میں درج ہے تاہم پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب ملیر سٹی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پچپن سالہ یاسین کو قتل کر دیا۔