کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو لندن میں حراست میں لیے جانے کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کی جانب سے گزشتہ روز سے کراچی میں نمائش پر دھرنا جاری ہے۔
دھرنے میں اظہار یکجہتی کے لیے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے کے خلاف بڑی تعداد میں ایم کیو ایم کے کارکن اور ہم درد گزشتہ روز سے نمائش پر دھرنا دیے ہوئے ہیں، مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنماوٴں کے مطابق جب تک ان کا اپنے قائد الطاف حسین سے رابطہ نہیں ہوتا، دھرنا جاری رہے گا۔ دھرنے کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کیلئے پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں، پیپلز پارٹی الطاف حسین کے احسانات کو نہیں بھلا سکتی۔ مسلم فنکشنل کے وفدکی قیادت کرتے ہوئے جام مدد علی کا کہنا تھاکہ پیرصاحب پگارا کا الطاف حسین کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اور صنعت کار و تاجر برادری کے وفد نے بھی ایم کیو ایم کے دھرنے میں شرکت کی اور ایم کیو ایم کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
وکلاء اور صحافی تنظیموں کے وفود نے بھی دھرنے میں شرکت کی اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو حراست میں لیے جانے پر تشویش کے اظہار کے ساتھ ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔