الطاف حسین کی گرفتاری پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں کشیدگی

Karachi Stress

Karachi Stress

حیدرآباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی لندن پولیس کی جانب سے گرفتاری کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کشیدگی پھیل گئی جب کہ شہر قائد میں مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی۔

لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر پر کراچی کے مختلف علاقوں میں کشیدگی و افراتفری پھیل گئی اور کاروباری مراکز مارکیٹیں، دکانیں اور پیٹرول پمپس بند ہو گئے جب کہ کورنگی، عائشہ منزل اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مشتعل افراد نے 5 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

افراتفری اور خوف کی صورتحال کے باعث لوگوں کی جانب سے گھر جانے کی کوشش کے دوران شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک شدید جام ہوگیا جب کہ کراچی میں آج انٹرمیڈیٹ سمیت تمام جامعات میں ہونے والے پرچے بھی ملتوی کردیئے گئے۔

دوسری جانب حیدرآباد میں بھی الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز، دکانیں اور پیٹرول پمپس بند ہوگئے اس کے علاوہ سکھر، میرپور خاص اور نواب شاہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اس دوران لاڑکانہ میں کارکنوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا بھی دیا جب کہ سندھ سے ریل سروس بھی متاثرہوئی۔