کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین کا پرویز مشرف، راجہ پرویز اشرف ، شوکت عزیز اور شجاعت حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ ایم کیوایم کے قائد نے اپنی حمایت میں آواز بلند کرنے پر پرویز مشرف کا شکریہ ادا کیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ان کی دعائیں الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔
سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور شوکت عزیز سے بھی الطاف حسین کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پورا پاکستان آپ کے لیے فکرمند تھا ، پوری قوم کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے آپ کو سرخرو کیا۔ شجاعت حسین نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران الطاف حسین سے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل وکرم کیا ہے۔
الطاف حسین نے سیاسی رہنماؤں کا مشکل گھڑی میں ان کے لیے آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ایم کیوایم قائد نے دنیا بھر سے پیغامات اور سلام بھیجنے والوں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ کارکن اور عوام کی عقیدت اور محبت ہی ان کا سرمایہ ہے۔