لندن (جیوڈیسک) ایم کیوایم کےقائد الطاف حسین نے حکومت سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو اپنے حفاظتی انتظامات کے لیے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے مختلف تعلیمی اداروں میں دہشت گردوں کی جانب سے دھمکی آمیز خطوط بھیجے جانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھمکی آمیز خطوط ملنے کے بعد تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور اساتذہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں، حکومت اس طرح کے خطوط کا ہنگامی بنیادوں پر نوٹس لے اور دیہی علاقوں سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے جب کہ اساتذہ کو اسلحہ کے لائسنس بھی جاری کیے جائیں۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تعلیمی اداروں میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرکے نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں روکنا چاہتے ہیں بلکہ نئی نسل کو حصول علم سے روکنے کی بھی سازش کررہے ہیں لہٰذا حکومت، انتظامیہ،طلبا اور والدین ہر لمحہ چوکنا رہیں۔