شکاگو (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیرِاہتمام قائدِ تحریک الطاف حسین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے واشنگٹن، نیویارک، نیوجرسی، شکاگو، ہیوسٹن، اٹلانٹا، لاس اینجلز، ڈیلاس اور ڈیٹرائٹ سمیت ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے اٹھارہ شہروں میں ریلیاں منعقد کی گیئں۔ جس میں شریک کارکنان نے قائدِ تحریک الطاف حسین سے اپنے غیر متزلزل وفا کے عہد کی تجدید کی۔ مختلف ریاستوں میں نکالی جانے والی ریلیوں میں ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی وسیم زیدی، عامر قاضی، توصیف خان، ثاقب محی الدین، گل محمد، علی حسن، وکیل احمد جمالی اور اسد صدیقی سمیت چیپٹرز کے ذمہ داران وکارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے شکا گو میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق پرستی کی جدوجہدمیں ایم کیو ایم کی قیادت اور کارکنان عوام کو آگ و خون کے سمندرعبور کرنے پڑے ہیں، ایم کیو ایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے اور کارکنان کو الطاف حسین سے دور کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے کارکنان پر ریاستی مظالم ڈھائے گئے، انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا گیا، انہیں شہید کیا گیا، لیکن تمام تر رکاوٹوں، ریاستی جبر و تشدد اور ظلم کے باوجود ایم کیو ایم آج بھی الطاف حسین کی قیادت میں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط و مستحکم ہے، انھوں نے مزید کہا کراچی میں عظیم الشان ” یکجہتی ریلی“ میں لاکھوں افراد نے شرکت کرکے قائد تحریک سے اپنی والہانہ محبت وعقیدت کاثبوت دیا ہے۔
نیویارک میں منعقدہ ریلی سے ارشد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان کی قائد تحریک سے انکی لازوال محبت اور غیر متزلزل وفا کی بھی دلیل ہے جس میں انھوں نے اپنی جانیں د ینا گوارہ کیا مگر کسی بھی طاغوتی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ اٹلانٹا میں منعقدہ ریلی سے جوائنٹ ٓرگنائزر ندیم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق وصداقت کی آواز ہر دور کی ضرورت رہی ہے۔
پاکستان میں رائج جبرواستبداد کے معاشرے میں الطاف حسین حق و صداقت کی واحد آواز ہیں ، انکے چاہنے والوں نے اس آواز پر نہ صرف ہمیشہ لبیک کہا بلکہ اپنے عمل سے ثابت بھی کیا ہے اور تحریکی مشن و مقصدکی کامیابی کیلئے کارکنان کسی بھی بڑی سی بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ریلیوں میں حق پرست شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پرتحریک کی کامیابی، ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے، پاکستان کی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور قائدتحریک الطاف حسین کی درازیء عمر صحت وتندرستی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔