برطانوی (جیوڈیسک) وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ برطانوی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کا معاملہ برطانوی پولیس کے پاس ہے۔ اسلام آباد پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ کا وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ برطانوی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا۔
برطانیہ میں قائم متحدہ قومی موومنٹ کے دفتر پر چھاپہ اور الطاف حسین کا معاملہ پولیس کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران واضع پیغام دیا تھا کہ پاکستان کا دوست ہمارا دوست ہے۔ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے حکمرانوں کو بھی بہتر تعلقات کے فروغ کے لئے روابط بڑھانے چاہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ افغانستان میں قیام امن کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اس موقع پر ذرائع سے گفتگو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں۔
پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاری کا حجم 75 کروڑ ڈالرز ہے۔ یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لئے برطانیہ کا کردار قابل ستائش ہے۔