الطاف حسین نے حکومت کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک میں دستور اور جمہوریت نام کی چیز نہیں ہے۔ ایسی اسمبلی بے کار ہے جہاں شعلہ بیانی کی جائے۔ قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس کرنے والے خود کو جمہوری ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ڈھونگ ہے۔

لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ڈرامہ اور دکھاوا ہے۔ الطاف حسین نے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والے کمیشن کھانا چاہتے ہیں۔ کمیشن کھانے کیلئے ہی یہ فوج کو نہیں آنے دیتے۔ جمہوریت کی رٹ لگائی جا رہی ہے تاکہ فوج قریب نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہم نے مصالحت کیلئے فوج کو درخواست نہیں دی۔ آئی ایس پی آر نے کچھ دیر بعد وزیر اعظم کے بیان کی تردید کر دی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے اراکین سینٹ اور پارلیمنٹ کو استعفے جمع کروانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں اور سینٹ کو ٹھیک کرنے کیلئے ایک ہفتہ دوں گا۔ الطاف حسین کے حکم کے بعد ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمنٹ نے ایم کیو ایم کے مرکز پر استعفے جمع کرانے شروع کر دیئے ہیں۔