الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا ڈیٹا ضائع ہوگیا، وزیر مملکت برائے داخلہ

Mian Baleegh Rahman

Mian Baleegh Rahman

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ میاں بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے شناختی کارڈ کا ڈیٹا ضائع ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ برائے میاں بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ الطاف حسین کو پاسپورٹ جاری کر دیں گے۔

حکومت کو اس میں کوئی قباحت نہیں لیکن برطانیہ میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے قواعد کے برعکس الطاف حسین کا گھر جاکر ڈیٹا حاصل کیا۔ جن لوگوں نے ڈیٹا حاصل کیا وہ معیار کے مطابق ریکارڈ نہیں ہوا۔

کل تک بھی ڈیٹا سسٹم میں اپ لوڈ نہیں ہوا تھا۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے قومی اسمبلی اور میڈیا کے سامنے جو فارم دکھایا ہے وہ ان کے پاس بھی موجود ہے۔

ڈیٹا کی معیاد ایک ماہ ہوتی ہے اب وہ ضائع ہو گیا ہے، اس لئے الطاف حسین سے گزارش کی ہے کہ وہ برطانوی کمیشن آئیں اور ڈیٹا دیں۔

قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کےپارلیمانی لیڈر عبدالرشید گوڈیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھسیانی بلی، کھمبا نوچے کا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، یمارے پاس پورا ریکارڈ موجود ہے، نجانے کسے بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔

ڈیٹا 10 سال تک کہیں نہیں جاتا اور الطاف حسین کا ڈیٹا ویب سائٹ پر موجود ہے، اگر وزارت داخلہ کی جانب سے ایوان میں غلط بیانی نہ کی جائے ورنہ باہر دھرنا دیں گے۔