کراچی : لندن میں مقیم الطاف حسین دیگر اوورسیز پاکستانیوں کی طرح پاکستانی شہری ہیں اور وطن واپسی کے ساتھ پاکستانی شناختی کارڈ و پاسپورٹ کا حصول ان کا قومی ‘ آئینی اور بنیادی حق ہے جس سے انہیں کسی طور محروم نہیں رکھا جاسکتا اسلئے حکومت الطاف حسین کو شناختی کارڈ کے اجراءمیں تاویلوں کے ذریعے ان کی وطن واپسی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے انہیں شناختی کارڈ جاری کرے۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سینئر رہنما شاہد قریشی اور ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ کے اجراءمیں تاخیرغیر آئینی اقدام ہی نہیں بلکہ مزید کسی نئی سازش کا پیش خیمہ بھی دکھائی دیتا ہے۔
اے پی ایم ایل رہنماوں نے افواج پاکستان کی حمایت اور حرمت اہلبیت کے تحفظ میں نکالی جانے والی پاکستان سنی تحریک کی ریلی کی کامیابی پرپاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری اور دیگر عہدیداران و کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان قومی سلامتی کی ذمہ دار ہی نہیں بلکہ ہمارے آزادو خود مختار تشخص کی ضامن بھی ہیں مگر آج افواج پاکستان کیخلاف منظم سازشوں کا جال بچھاکر محافظان ملک و ملت کے کے مورال کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے مگر محب وطن حلقے اور وطن عزےز کے عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔
مشرف اور ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ فوج سمیت پاکستان کے ہرادارے کا احترام کرتی ہے اور تمام اداروں کے تشخص کے تحفظ کیلئے ان کے ساتھ ہے اور اداروں میں تصادم یا انہیں یرغمال بنانے کی تمام پالسیسیوں اور سازشوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرے گی۔