کراچی (جیوڈیسک) وفاق کے سیاسی رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کو الطاف حسین کے اوورسیز شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور واضح کیا ہے کہ آئندہ ہفتے تک ان کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا جائے گا اور جلد اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کر لی جائے گی۔
اس رابطہ کارکی یقین دہانی کے بعد الطاف حسین نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور احتجاجی پالیسی کے فیصلے کو واپس لے لیا۔ اس رابطہ کار نے ایم کیو ایم کی قیادت کو کہا ہے کہ کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات کودور کیا جائے گا اور کراچی کی ترقی کے لیے وزیراعظم جلد ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے،مستقبل میں دونوں جماعتوں میں ورکنگ ریلشن شپ بڑھائی جائے گی۔
وفاق نے ایم کیو ایم کو کہا ہے کہ گورنر سندھ کے حوالے سے بھی ناراضگی کو دور کیا جائے، وفاق چاہتا ہے کہ وہ اپنے منصب پر فائز رہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے الطاف حسین کے اوور سیز شناختی کارڈاور پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے کو حل کے لیے سیاسی رابطہ کار کو ہدایت کی تھی اور ان کے رابطے کامیاب رہے۔