راولپنڈی (جیوڈیسک) چودھری نثار نے کہا ہے الطاف حسین اداروں کی تضحیک کرتے ہیں تو حالات خراب ہوتے ہیں، اداروں کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، آخری دو تقاریر کے بعد قانونی ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے، منی لانڈرنگ کیس پاکستان نے نہیں بنایا۔
راولپنڈی پولیس لائن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا الطاف حسین اور ایم کیو ایم سے ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ الطاف حسین اداروں کی تضحیک کرتے ہیں جس کی وجہ سے حالات خراب ہوتے ہیں، اداروں کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، الطاف حسین کی آخری دو تقاریر کے بعد قانونی ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا الطاف حسین کا معاملہ عدالتی ہے، اسے سیاسی رنگ نہ دیا جائے ، ان کے معاملے پر عدالت پاکستان میں نہیں برطانیہ میں لگی ہے۔ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس پاکستان نے نہیں بنایا، عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن موڑ پر ہے۔