الطاف حسین کی جانب سے پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست موصول نہیں ہوئی، پاسپورٹ حکام

Altaf Hussain

Altaf Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاسپورٹ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے اب تک پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس کے دوران سینیٹر شاہی سید نے پاسپورٹ حکام سے استفسار کیا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کاشناختی کارڈ زائد المیعاد ہوچکا ہے پھر ان کو اب تک پاسپورٹ کیوں نہیں جاری کیا گیا۔

سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ الطاف حسین پاکستانی ہیں، پاسپورٹ حاصل کرنا ان کا حق ہے وہ چاہے پاکستان آئیں یا نہ آئیں پاکستانی پاسپورٹ ان کو ملنا چاہئے، جس پر پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ الطاف حسین کی جانب سے اب تک پاسپورٹ کے اجرا کی درخواست موصول ہی نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے اب تک انھیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا۔

اس موقع پر سیاسی بنیادوں پر غیر متعلقہ افراد کو بلیو پاسپورٹ کے اجرا کا معاملہ بھی زیر غور آیا، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر غیر ضروری پاسپورٹ دفاتر کھولے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو بلیو پاسپورٹ جاری کئے گئے یہاں تک کہ گرل فرینڈز کو بھی اس سے مستفید کیا جاتا رہا، سرکاری ملازمین غلط کام کرنے سے انکار کردیں، جو شہری سفارتی پاسپورٹ کی اہلیت نہیں رکھتے ان کے پاسپورٹ منسوخ ہونے چاہیئں، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا ان کے ساتھ ہوگا، بعد ازاں قائمہ کمیٹی نے بلیو پاسپورٹ حاصل کرنے والوں اور غیرضروری دفاتر کی تفصیلات ایک یفتے میں طلب کر لیں۔

دوسری جانب محکمہ پاسپورٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ محکمے کو اس وقت 25 فیصد عملے کی کمی کا سامنا ہے، اب تک کئی بدعنوان اہلکاروں کو برطرف کیا جاچکا ہے، نومبر 2015 تک پاکستانی سفارتخانوں میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔

پاسپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ اے ٹی ایم اور آن لائن پاسپورٹ فیس کی وصولی کا منصوبہ زیر غورہے اس کے علاوہ ای پاسپورٹ کے منصوبے پر بھی کام کررہے ہیں اس سلسلے میں حکومت سے 33 کروڑ 30 لاکھ روپے کی امداد مانگی ہے۔