اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ الطاف حسین نے کراچی میں قیامت برپا کی ہوئی ہے جب کہ اب انہیں اپنا انجام نظر آرہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری افواج پاکستان دشمنوں کے ساتھ بر سرپیکار ہیں ایسے میں برطانوی شہری الطاف حسین کو فوج کے خلاف گندی زبان نہیں بولنا چاہیے جب کہ کسی شخص کو کوئی حق نہیں کہ وہ فوج کے خلاف ایسی بات کرے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ الطاف حسین نے کراچی میں قیامت برپا کی ہوئی ہے، بھتہ مافیا، قبرستان اور اسکول بیچنا دہشت گردی ہے جب کہ ہم پچھلے ایک سال سے برطانوی حکومت سے رابطے میں ہیں اب الطاف حسین کو اپنا انجام نظر آرہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان پاکستانیوں کی توہین ہے ان کی تقریر کا فوج اور آپریشن ضرب عضب پر کوئی اثرنہیں پڑے گا اور پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین بر طانوی شہری کی حیثیت سے جو مرضی کہیں لیکن پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت نہیں بھلایا جاسکتا۔