لاہور (جیوڈیسک) الطاف حسین کے خطاب پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ را سے مدد کی درخواست کر کے الطاف حسین نے کروڑوں پاکستانیوں کے جذبات مجروح کئے۔
ایم کیو ایم کے قائد کا بیان قومی مقاصد سےغداری کے مترادف ہے انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ الطاف حسین نے جو زبان استعمال کی وہ کسی پاکستانی کی نہیں ہو سکتی۔
ایم کیو ایم کے قائد نے مہاجروں کے سر شرم سے جھکا دیئے۔ ایم کیو ایم کی قیادت کو ملک دشمنوں کی زبان نہیں بولنی چاہیے۔
وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے دہشتگردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کر رہے ہیں ان پر تنقید جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔