اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو وطن کی یاد کیوں آرہی کیوں کہ ان کا لندن میں رہنا تنگ کردیا گیا ہے۔
سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیرمین صابر بلوچ کی صدارت میں ہوا جس میں اظہار خیال کرتےہوئے ایم کیوایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ الطاف حسین نے 4 اپریل کو پاسپورٹ کے لئے دستاویزات اور فیس لندن میں جمع کرائی، جس کے بعد انہیں ٹریکنگ نمبر بھی جاری کیا گیا۔ اب وزارت داخلہ کے حکام ان کی جانب سے درخواست ملنے سے ہی انکاری ہیں۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے کے خلاف متحدہ نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کیا جس پرمسلم لیگ (ن) کے سینیٹرمشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ 12 مئی کے دن ایم کیوایم والوں کو پاسپورٹ کیسے یاد آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتا ہے الطاف حسین کو وطن کی یاد کیوں آرہی ہے کیونکہ ان کا لندن میں رہنا تنگ کردیا گیا ہے جبکہ الطاف حسین پاکستان آئیں گے اور نہ ہی انہیں یہاں آنے دیا جائے گا۔
سینیٹرنسرین جلیل نے کہا کہ ایم کیوایم کو غدار ثابت کرنے کی سازش ہوئی جناح پور کے نقشے سامنے لائے گئے اور 12 مئی ملکی تاریخ کا بدترین دن ہےاس دن ہمارے 42 کارکنوں کو قتل کیا گیا، اجلاس کے دوران ممبران سینیٹ نے بھی سانحہ 12 مئی کو پر اظہار خیال کیا اس موقع پرعوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ سانحہ 12 مئی 2007 کےذمے داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، بعد ازاں سانحہ کے خلاف تمام جماعتوں نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔