الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کو استعفے جمع کرانے کی ہدایت کر دی

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں جو شعلہ بیانی کی جا رہی ہے اس قسم کے حالات میں ہماری جماعت اس ایوان کا حصہ نہیں رہ سکتی۔

لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کو رویہ ٹھیک کرنے کے لئے ایک ہفتے کا ٹائم دیتا ہوں، ممبران اسمبلی پارلیمنٹ میں شعلہ بیانی سے کام لے رہے ہیں اور اس صورت حال میں ایم کیو ایم اس ایوان کا حصہ نہیں رہ سکتی۔

انھوں نے ایم کیو ایم کے اراکین قومی اور سندھ اسمبلی کو ہدایت دی کہ تمام اراکین اپنے استعفے رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر نصرت کو جمع کرادیں، موجودہ بوسیدہ نظام کا حصہ نہیں بن سکتے، کارکن امن و امان کا راستہ کسی صورت نہ چھوڑیں۔ اگر اسمبلیوں نے اپنا رویہ درست نہ کیا تو قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی سے بھی استعفے دے دیں گے۔

اس سے قبل اپنے جاری بیان میں قائد الطاف حسین نے کہا کہ ایک جانب ملک کی نازک صورت حال سے وہ پہلے ہی دکھی، غم زدہ اور پریشان ہیں تو دوسری جانب تحریک کے ذمہ داروں کے غیر ذمہ دارانہ اور مفاد پرستانہ رویہ سے سخت نالاں اور دکھی ہیں۔ وہ آج شام کے اجلاس میں اپنے ساتھیوں سے درخواست کریں گے کہ وہ انہیں تحریک کی قیادت کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کریں۔

واضح رہے کہ الطاف حسین نے آج شام ایم کیو ایم کا اہم اجلاس کراچی میں طلب کر لیا ہے جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 24 اور سینیٹ میں ان کے ممبران کی تعداد 7 ہے جب کہ سندھ اسمبلی میں ان کے اراکین کی تعداد 51 ہے۔