الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے افواج پاکستان یکجہتی جلسے کا خیرمقدم کرتے ہیں: طاہر حسین

MQM

MQM

کراچی : پاکستان کی سلامتی و تحفظ کی ضامن افواج پاکستان ملک سے دہشتگردی اور بد امنی کا خاتمہ کرکے وطن عزیز کے عوام کو محفوظ ‘ پر امن و خوشحال مستقبل کی فراہمی کیلئے ”آپریشن ضرب عضب “ کے نام سے سب سے مشکل مہم سے نبرد آزما ہیں اور اللہ تعالیٰ انشا ءاللہ افواج پاکستان کی فتح و نصرت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی افواج پاکستان کو نصرت عطا فرماکر انہیں پاکستان سے دہشتگردی کی لعنت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرنے میں کامیاب فرمائے گا۔

اس موقع پرفوج پر مکمل اعتماد کا اظہار ہی حب الوطنی کا ثبوت اور اس سے اظہار یکجہتی کے ذریعے فوج کا مورال بڑھانا آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے مترادف ہے اسلئے پاکستان کی ہر سیاسی جماعت ‘ ہر سیاسی و مذہبی قائد اور قوم کے ہر فرد کو اس موقع پر فوج پر مکمل اظہار اعتماد اور فوج سے کامل اظہار یکجہتی کرنا چاہئے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہدایت پر متحدہ کی جانب سے پاک فوج کی حمایت میں فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے کئے جانے والے جلسے کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کو اس جلسے کے انعقاد پرپیشگی مبارکباد پیش کی اور آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے بھرپور حمایت و شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ ہر لمحہ افواج پاکستان اور محبان پاکستان کے ساتھ ہے اورکسی بھی نظام کے نام پر ملک و قوم کو کمزور بنانے اور قومی و عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرے گی۔