کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کر دیا تاہم کیف الوریٰ، عبدالحسیب اور عارف خان ایڈووکیٹ رابطہ کمیٹی کے بدستور ممبر رہیں گے۔
ایم کیو ایم کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر کراچی کی رابطہ کمیٹی کو بر طرف کر دیا ہے۔
برطرف ہونے والوں میں فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی، وسیم اختر، عامر خان، شبیر قائم خانی، نصرت شوکت، عظیم فاروقی، توصیف خان زادہ اور دیگر شامل ہیں۔ کیف الوریٰ، عبدالحسیب اور عارف خان ایڈووکیٹ بدستور کمیٹی میں رہیں گے۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے سینئر ارکان اپنے کوائف نائن زیرو پر جمع کرائیں تاکہ نئی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جا سکے۔ اس کے ساتھ برطرف ہونے والے ارکان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ نائن زیرو آنے کی زحمت نہ کریں۔
ایم کیو ایم کے اعلامیہ کے مطابق رابطہ کمیٹی لندن کے بارے آج یا کل فیصلہ کیا جائے گا۔