کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا ہے کہ الطاف حسین کا فی الحال پاکستان جانے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا کہ الطاف حسین کا ابھی پاکستان جانے کا کوئی پروگرام نہیں ہے جبکہ لندن پولیس کی جانب سے الطاف حسین کی ضمانت کی شرائط میں کسی قسم کی سفری پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو اسپتال میں بہترین طبی سہولیات دی گئیں جس پر ہم شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ 3 جون کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا تاہم خرابی صحت کے بنا پر انہیں لندن کے ویلنگٹن اسپتال لے جا یا گیا جہاں ان کی انجیو گرافی کے ساتھ مختلف ٹیسٹ ہوئے ، طبیعت میں بہتری اور ٹیسٹ کے رزلٹ صحیح آنے کے بعد انہیں اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا جہاں گزشتہ رات انہیں جولائی تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔