الطاف حسین پاکستان کی سلامتی سے مت کھیلیں، رانا ثناء اللہ

 Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین پاکستان کی سالمیت سے مت کھیلیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کے بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیئے، الطاف حسین تقریر کرتے گانا گانے لگ جاتے ہیں، جس آدمی کی ذہنی صحت درست نہ ہو اس پر قانون کا اطلاق بھی نہیں ہوتا۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو چاہیئے کہ وہ اپنے قائد کو سمجھائیں کہ وہ پاکستان کی سالمیت سے نہ کھیلیں۔

وزیرقانون پنجاب کا کہنا تھا کہ چولستان کی صورت حال پر کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیئے، چولستان میں قحط کی صورت حال نہیں ہے، لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں اور حالات قابو میں ہیں، چولستان میں گزشتہ 3 سال میں بارشیں کم ہوئی ہیں، حکومت کی جانب سے چولستان میں امدادی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرپٹ نظام کوتبدیل کرنے کے لئے اگر کوئی آیا تو وہ فوج سے ہی آیا ہے اور اب بھی فوج حکمرانوں کا ایسا کوئی بھی حکم نہ مانے جس سے ملک کی بدنامی ہو۔