الطاف حسین سے کوئی ان کی پاکستانیت نہیں چھین سکتا: متحدہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ جاری نہ کرنے کے خلاف کراچی میں نادرا آفس کے سامنے ایم کیو ایم کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنویئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 4 اپریل کو الطاف حسین نے شناختی کارڈ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی لیکن اب تک شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ کر لوگوں کے فیوز اڑ گئے کہ کوئی وطن واپس آنے والا ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دورہ کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ کو یہ معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر شناختی کارڈ دینا ہے تو بتا دیں نہیں دینا تو اسکی ٹھوس وجوہات بھی بتائی جائیں۔

ایم کیو ایم کے رہنماوں اور مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے افراد کو بے نقاب کیا جائے۔ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جلد جاری نہ ہوا تو اکیو ایم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہو گی۔