کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پیرس میں مقامی جریدے کے دفتر پر مسلح دہشتگردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذ مت کی ہے۔الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم بلا امتیاز رنگ ونسل، مذہب، زبان، علاقے، جنس حتیٰ کہ تمام مذاہب کا کھلے دل سے احترام کرتی ہے اور تعصب کی ہر لعنت سے پاک جماعت ہے، جو گزشتہ 3 دہائیوں سے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مذہبی انتہاء پسند ی اور دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے
جس کی پاداش میں ایم کیو ایم کے سینکڑوں کا رکنان بشمول 4 اراکین اسمبلی طالبان اوران جیسی انتہاء پسند جماعتوں کے ہاتھوں دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں الطاف حسین نے کہا کہ پیر س میں پیش آنے والا سانحہ انتہائی افسوس ناک ہے اور مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان اور تمام حق پرست پاکستانی عوام فرانسیسی صدر فرانکوئس ہالینڈ، فرانسیسی عوام اور دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔