لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف پنجاب لائرز ونگ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الطاف حسین غیرملکی شہری ہیں۔
کوئی غیرملکی پاکستان میں کسی سیاسی جماعت کی قیادت نہیں کر سکتا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ الطاف حسین کو پارٹی قیادت سے ہٹانے کا حکم جاری کیا جائے، عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی جس کی باقاعدہ سماعت آج ہوگی۔
دوسری جانب جئے سندھ پارٹی کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ الطاف حسین میڈیا پر سندھ کو توڑنے کی باتیں کرتے ہیں۔ ان کی تقاریر پر قانونی کارروائی کی جائے۔ درخواست میں برطانوی سفارتخانے کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے، وفاقی وزیر داخلہ اور سیکرٹری داخلہ سے پانچ مئی کو جواب طلب کر لیا۔