الطاف حسین سے رحمان ملک کی ملاقات، دہشتگردی کے خلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق

Altaf Hussain, Rehman Malik

Altaf Hussain, Rehman Malik

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے ملاقات کی ہے جس میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کےخلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ہے۔

لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رحمان ملک کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بھی موجود تھے، جنہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کو وطن عزیز کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر رحمان ملک نے ایم کیوایم کے قائد کو سابق صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ الطاف حسین نے بھی ملک میں مفاہمت کی فضا کے قیام کے سلسلے میں رحمان ملک کے کردار کو سراہا اور سابق صدر آصف زرداری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی، یکجہتی اور افہام و تفہیم کا ہونا ضروری ہے۔