کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی قیادت پر اتفاق ہے۔ شرجیل میمن ایم کیو ایم کی فکر کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کی گرتی ساکھ سنبھالیں، الطاف حسین سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پریس بریفنگ کرتے ہو ئے متحدہ قومی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین آج بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ سندھ کی تقسیم نہیں چاہتے۔
ان کے خطاب پر واویلا کیا جا رہا ہے اور اردو بولنے والے سندھیوں کو ڈرایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حلقہ بندیوں کی صورت میں دھاندلی کی۔
سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے ارکان رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کبھی بھی پرویز مشرف کی حمایت کا اعلان نہیں کیا بلکہ مطالبہ کیا ہے کہ آئین کی دفعہ 6 کی صحیح روح کے مطابق سابق صدر اور دیگر تمام افراد پر مقدمہ چلایا جائے۔
شرجیل میمن ایم کیو ایم کی فکر کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کی گرتی ساکھ سنبھالیں۔ متحدہ کے کارکنان اور ذمے داران الطاف حسین کی قیادت میں متحد ہیں۔