کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف کارکنوں اور ہمدردوں کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔
الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کے لئے کراچی میں نمائش چورنگی پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے دھرنا دیا جا رہا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک الطاف حسین کو رہا نہیں کر دیا جاتا ان سے اظہار یک جہتی کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ حیدرآباد، سکھر سانگھڑ، میرپور خاص، جامشورو، شہداد پور اور ٹنڈوجام میں الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کے لئے بھی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج بھی ہڑتال کا سماں ہے، صبح سویرے کھلنے والی دکانیں، ہوٹل، تمام کاروباری اور تجارتی مراکز اور متعدد پٹرول پمپس بھی بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ میڑک، انٹر اور ٹیکنیکل بورڈ نے کراچی کے حالات کے پیش نظر آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے ہیں جب کہ جامعہ کراچی، وفاقی اردو، سرسید اور جناح یونی ورسٹی نے آج تدریسی عمل بند اور آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔