کراچی (جیوڈیسک) لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے حراست میں لئے جانے کے بعد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ کے احتجاجی دھرنے چوتھے روز بھی جاری ہیں جبکہ ایم کیو ایم آج یوم دعا منارہی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی میں نمائش چورنگی پر چوتھے دن بھی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ شدید گرمی کے باعث دھرنے میں شریک افراد کے لئے ٹھنڈے پانی اور سایہ دار جگہ کا مناسب انتظام کیا گیا ہے جبکہ گرمی سے بے حال افراد کی فوری طبی امداد کے لئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے رضاکار بھی موجود ہیں، کسی بھی قسم کے ناخواشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ ایم کیو ایم کے کارکن بھی سیکیورٹی انتطامات میں ان کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔
سندھ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، نواب شاہ، میرپورخاص، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو، جیکب آباد، شکارپور، کشمور، کندھکوٹ، خیرپور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، ٹھٹھہ، سانگھڑ اور نوشہرو فیروز سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن احتجاجی دھرنے دیئے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایم کیوایم کی جانب سے آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جارہا ہے، جس کے تحت نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملک بھر میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔