الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے آج کراچی میں ریلی نکالی جائیگی

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے تحت الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں نارتھ ناظم آباد سے ریلی نکالی گئی، حیدر عباس رضوی کہتے ہیں کہ آج بھی عظیم الشان ریلی نکال کر الطاف حسین سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جائے گا۔ الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایم کیو ایم کی ریلی فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد سے شروع ہو کر تبت سینٹر پر ختم ہوئی۔

ریلی میں بڑی تعداد میں متحدہ کے کارکنوں اورشہریوں نے شرکت کی۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان اور اراکین پارلیمنٹ بھی ریلی میں موجود تھے۔ فائیو اسٹار چورنگی پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے اپنی زندگی پارٹی ورکروں اور غریب عوام کے لیے وقف کر رکھی ہے، اسی لیے عوام انھیں دل و جان سے عزیز رکھتے ہیں۔

ریلی کے اختتام پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین پاکستان میں نظریاتی سیاست کے خالق ہیں۔ آج ہونے والی اظہار یکجہتی ریلی اس بات کا اعادہ کرے گی کہ الطاف حسین ہی وہ واحد رہنما ہیں جن پرعوام اعتماد کرتے ہیں۔دوسری جانب ایم کیو ایم نے آج کی ریلی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تبت سینٹر پر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔