لاہور (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں الطاف حسین کی تقریر کے خلاف مذمتی قرارداد کی منظوری کے بعد تحریک انصاف کی قیادت نے پنجاب اور سندھ اسمبلی میں بھی الطاف حسین کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید پیر کے روز قرارداد جمع کرائیں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان ملک میں انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔
اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔ مسلم لیگ ن نے بھی خیبر پختونخوا اسمبلی میں قراداد لانے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن نے سندھ اسمبلی میں بھی الطاف حسین کے خلاف قراداد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ق نے بھی الطاف حسین کے خلاف سینٹ میں مذمتی قرارداد پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بار کونسل کے ہنگامی اجلاس میں الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔
بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے الطاف حسین کے بیان کے خلاف 4 مئی کو صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔