الطاف حسین پر کوئی سفری پابندی عائد نہیں

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) نے کہا ہے کہ پارٹی کے قائد الطاف حسین کی ضمانت کی شرائط پر کسی قسم کی سفری پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ یہ بات پارٹی کے ایک رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کے حصول کے بعد الطاف حسین کا پاکستان جانے کا اس وقت کوئی ارادہ نہیں ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم نے ایک بیان میں کہا ہماری پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور اسی لیے الطاف حسین یہ سمجھتے ہیں کہ منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جاری تفتیش ایک جائزہِ عمل کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ قائد الطاف حسین کو لندن پولیس کی جانب سے منی لانڈرنگ کے شبے میں گرفتار کیے جانے کے بعد گزشتہ روز ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ اپنی رہائی کے فوری بعد کراچی میں ان کی جماعت کے پانچ روز سے جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کارکنوں کو ان کے جذبے اور عزم پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ حق بات کریں، اس لیے کہ باطل کے سامنے حسینی طرز فکر ہی سینہ سپر ہوکر کھڑی رہتی ہے۔