الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے خوشحال معاشرے کے لئے کوشاں ہیں، نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ فلاحی ادارے اسپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ادارے کا قیام عمل میں لائیں، اپوا کی جانب سے خواتین کو ہنر مند بنانے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں دیگر فلاحی ادارے اپوا کی تقلید کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اپوا وکیشنل انسٹی ٹیوٹ شاہ فیصل کالونی کے دورے پر مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورے کے موقع پر کیا اس موقع پر اپواکی پروجیکٹ ڈائریکٹر نے رکن صوبائی اسمبلی کو اپوا رعنالیاقت علی خان کرافٹ مینزکالونی میں درپیش بلدیاتی مسائل سے آگاہ کیا انہوں نے کالونی میں فراہمی و نکاسی آب کے بڑھتے ہوئے مسائل سے رکن صوبائی اسمبلی کو آگاہ کیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے یقین دلا یاکہ درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سپرٹنڈنگ انجینئر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد زاہد ،شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،XENواٹر اینڈ سیوریج شاہ رخ ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔اپوا کے دورے پر منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے خوشحال معاشرے کے قیام کے لئے کوشاں ہیں ہر شعبے میں عوام کو سہولت پہنچانے کی جد وجہد کررہے ہیں۔

انہوں نے اپوا کے منتظمین کو یقین دلا یا کہ ٹیکنکل تعلیم کے فروغ اور ہنر مند خواتین کے حوالے سے کاوشوں میں ایم کیو ایم ہر ممکن تعاون کرے گی ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اس موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے افسران کو ہدایت کہ اپوا کوارٹر کے مکینوںکو درپیش بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور درپیش مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔

Nishat Zia Qadri Visit

Nishat Zia Qadri Visit