کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ بلدیاتی افسران علاقائی ترقی اور عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے گلیوں اور محلوں کی سطح پر جاری بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا ئیں ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل زون کی مختلف یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے بلدیاتی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے محکماجاتی سربراہان بھی موجود تھے۔
دورے کے موقع پر مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر حق پرست نمائندے اور کارکنان عوامی خدمت میں مصروف ہیں اور انشا اللہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرکے عوام کو مکمل بااختیار بنا ئیں گے اس موقع پر انہوں نے عوام کو یقین دلا یا کہ بلدیاتی اداروں کو درپیش مالی بحران اور صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی اداروں کے فنڈز میں بے جا کٹوتی کے باعث علاقائی ترقیاتی کام مکمل طور پررک گیا ہے جس کی وجہ سے علاقائی مسائل بڑھتے جارہے ہیں مگر اس کے باوجود بلدیاتی اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی ماجد رضا غوری اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی کے چپے چپے کو بلدیاتی مسائل سے پاک بنا کر بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچا نے کے لئے بلدیہ کورنگی اپنی تمام تر وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لارہی ہے اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے عوام کو علاقائی سطح پر مسائل سے پاک صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنایا جائیگا۔