کراچی (جیوڈیسک) الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے جلسہ عام سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی فلم بدترین صحافتی بددیانتی ہے۔
ضرورت پڑی تو اپنا قانونی اور جمہوری حق استعمال کریں گے۔ الطاف حسین کیخلاف پروپیگنڈے سے ایم کیو ایم کے مخالفین کو خوش کیا جا رہا ہے۔ الطاف حسین کے میڈیا ٹرائل کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین ملکی استحکام کی ضمانت ہیں۔
ان کیخلاف پروپیگنڈہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اس کی سلامتی کیخلاف سازش ہے۔ الطاف حسین کی سچائی کا پیغام لے کر میدان میں آ گئے ہیں۔ آج مخالفین کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کا دن ہے۔ ایک طرف جھوٹ اور دوسری طرف سچ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عدم تشدد کی حامی اور جمہوریت پسند جماعت ہے۔
ہم عدم تشدد کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔ جلسہ عام سے خطاب میں ایم کیو ایم کے رہنماء عامر خان کا کہنا تھا کہ عالمی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے آج جمع ہوئے ہیں۔ الطاف حسین کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ الطاف حسین پر الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں۔ اپنے خطاب میں فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کیخلاف میڈیا ٹرائل کوئی نئی بات نہیں ہے۔ الطاف حسین اس نظام کے باغی ہیں۔ ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنوں کو شہید کیا گیا لیکن قائد تحریک الطاف حسین نے ہمیشہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور ملک کے استحکام کی بات کی۔
الطاف حسین نے ہمشیہ پاکستان کو مقدم رکھا تو اس بات پر غدار وطن کہلائے گئے ہیں۔ الطاف حسین نے ہمیشہ غریبوں کے حق میں وڈیرں اور جاگیرداروں کےخلاف نعرہ لگایا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے بغیر کوئی فارمولا قابل قبول نہیں ہے۔ پارٹی پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ایم کیو ایم کے کارکنوں نے لاہور پریس کلب کے باہر الطاف حسین کے حق میں نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج سید افتخار علی نے کہا کہ ایم کیو ایم کا وجود صرف الطاف حسین کی ذات سے مشروط ہے اور مشکل وقت میں ہر کارکن اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایم کیو ایم وسطی پنجاب کی صدر بسمہ سکھیرا کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے دشمنوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک کے خلاف میڈیا ٹرائل کسی صورت برداشت نہیں جائے گا۔