الطاف حسین نے کارکنوں کے اصرار پر ایم کیو ایم ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے نائن زیرو اور خورشید میموریل ہال سمیت ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات کو بند کرنے اور پارٹی ختم کرنے کا حکم دیا تاہم کارکنوں کے اصرار پر اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے تمام شعبہ جات کو واپس کام کرنے کی اجازت دے دی۔

الطاف حسین کا رات دیر گئے لندن سے کارکنوں اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف ہونے والے میڈیا ٹرائل پر رابطہ کمیٹی ہدایت کے باوجود احتجاج بھی نہ کرسکی، رابطہ کمیٹی بزدلانہ طریقے سے پارٹی چلا رہی ہے جس کے باعث ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

ایم کیو ایم کے تمام شعبہ جات کو ختم کرنے کے اعلان کے بعد رابطہ کمیٹی اور عہدیداران کی بڑی تعداد نائن زیرو پر جمع ہو گئی اور الطاف حسین سے معافی مانگی جس کے بعد الطاف حسین نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی کو بزدلانہ طریقے سے نہیں چلایا جا سکتا، اب کسی ساتھی کےساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے قوانین کا احترام کرتا ہوں، اگر کسی مشکل میں پھنس جاؤں تو کارکن گھبرانے کے بجائے ہمت اور حوصلے سے کام لیں۔