الطاف حسین کا سابق برطانوی وزیراعظم بلیئر کو لکھا گیا خط مستند قرار

Altaf Hussain and Prime Minister Blair

Altaf Hussain and Prime Minister Blair

لندن (جیوڈیسک) برطانوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ آئی ایس آئی کو توڑنے کیلئے الطاف حسین کی جانب سے اس وقت کے برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کو لکھا گیا خط مستند ہے۔ فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ کے تحت جاری معلومات کے مطابق 23 ستمبر 2001 کو لکھے گئے خط پر الطاف حسین کے دستخط ہیں۔ یہ خط یورپی پارلیمنٹ کے رکن نیرج دیوا نے 27 ستمبر کو 10 ڈاوننگ اسٹریٹ پہنچایا۔

خط میں الطاف حسین نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف برطانوی حکومت کو تعاون کی پیشکش کی اور اس کے جواب میں صوبہ سندھ میں حکمرانی کیلئے مساوی شراکت اور آئی ایس آئی کو توڑنے میں مدد مانگی۔ خط میں اپیل کی گئی کہ آئی ایس آئی کو توڑ دینا چاہئے ورنہ وہ مستقبل میں کئی اسامہ بن لادن اور طالبان پیدا کرتی رہے گی۔

خط کا جواب فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری بن بریڈ شا نے دیا۔ انہوں نے ڈپلومیسی سے کام لیتے ہوئے الطاف حسین کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت اور بین الاقوامی برادری کی معاونت کیلئے خواہش کا خیر مقدم کیا۔ تاہم یہ واضح ہے کہ برطانیہ نے ایم کیو ایم کے رہنما کی جانب سے مدد کی پیشکش کو قبول نہیں کیا۔