الطاف حسین نے عملی سیاست کا آغاز بطور طالب علم کیا

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے عملی سیاست کا آغاز جامعہ کراچی سے بطور طالب علم کیا۔ کراچی متحدہ قومی موومنٹ کے بانی چیئرمین الطاف حسین 17 ستمبر 1953 کو کراچی میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے دادا مولانا مفتی رمضان حسین آگرہ (یوپی) کے مفتی اور جید عالم دین تھے۔ والد انڈیا میں سٹیشن ماسٹر تھے۔ پاکستان کی آزادی کے بعد ہجرت کرکے پاکستان آگئے۔

الطاف حسین نے مہاجر طلبہ کو منظم کرکے 11 جون 1978 کو آل پاکستان مہاجر سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی بنیاد رکھی اور اس کے بانی چیئرمین رہے۔ الطاف حسین کو 1979 میں گرفتار کر لیا گیا اور نو ماہ تک قید میں رہے۔ رہائی کے بعد کورنگی، گولیمار، ملیر، نیو کراچی، ایف بی ایریا ناظم آباد غرضیکہ تمام کراچی میں ایم کیو ایم کا طوطی بولنے لگا۔ 18 مارچ 1984 کو ایم کیو ایم کا اعلان ہوا۔ کراچی میں لسانی فسادات کا آغاز ہوا تو ایم کیو ایم بڑی سیاسی جماعت کی حیثیت سے سامنے آئی۔

فسادات کے دوران ہی الطاف حسین نے دوسرے شہروں کے دورے کئے اور ایم کیو ایم کے لئے اخلاقی حمایت حاصل کی۔ یوں ایم کیو ایم ہندوستان سے آنے والے مہاجرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن گئی۔ جولائی 1997 میں ایم کیو ایم کا نام مہاجر قومی مومنٹ سے تبدیل کرکے متحدہ قومی مومنٹ رکھا گیا۔ 2002 کے انتخابات کے بعد الطاف حسین کی پارٹی نے مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد کیا اور حکومت میں شامل ہوئی۔ یوں ان کے بہت سے جلا وطن رہنما واپس آئے۔ سندھ کے گورنر کا عہدہ بھی ان کی پارٹی کو ملا۔

2008 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ان کا اتحاد ہوا۔ یوں الطاف زرداری بھائی بھائی کا نعرہ سامنے آیا۔ الطاف حسین آج بھی لندن میں مقیم ہیں اور وہاں پارٹی کے انٹرنشینل سیکرٹریٹ سے پارٹی کے معاملات چلا رہے ہیں۔