الطاف حسین کے جانشین کے بارے میں خبر غلط، گمراہ اور مضحکہ خیز ہے، رابطہ کمیٹی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بعض اخبارات میں قائد تحریک الطاف حسین کے جانشین کے بارے میں غورکرنے کی خبروں کو سراسر غلط، بے بنیاد، گمراہ کن، غیرذمہ دارانہ اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اس طرح کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں اوریہ گمراہ کن خبر یں ایک سازش کے تحت ایم کیو ایم کی قیادت کے بارے میں کارکنوں اور عوام میں غلط فہمیاں اور کنفیوژن پیدا کرنے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس طرح کی گمراہ کن اورمضحکہ خیزخبریں پھیلانے اور تبصرے تجزیے کرنے والے صحافی اور تجزیہ کارخواہ کچھ بھی کہیں اورایم کیو ایم دشمن عناصر خواہ کتنی ہی سازشیں کرلیں ایم کیوایم کی صفوں میں انتشارکی خواہش وکوشش کرنے والوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایم کیو ایم کے تمام کارکنان وذمہ داران ماضی کی طرح آج بھی الطاف حسین کی قیادت میں پوری طرح متحد و منظم ہیں۔