متبادل حقوق تحریک سے رابطوں پر کلنٹن کی ٹرمپ پر تنقید

Clinton

Clinton

امریکہ (جیوڈیسک) کلنٹن نے بینن کے تقرر کو سفید فام نسل پرستوں اور ریپبلکن جماعت کا ایک غیر معمولی انضمام قرار دیا۔

چند ماہ قبل بہت کم لوگ ہی متبادل حقوق کے بارے میں بات کرتے تھے یا اس بارے میں جانتے تھے۔ یہ تحریک زیادہ تر انٹرنیٹ پر خاص طور پر نوجوانوں کے پیغامات میں سفید فام نسل پرست اور یہود مخالف بیانات میں دکھائی دیتی تھی۔

لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع طور پر مقبولیت اور برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے فیصلے متبادل حقوق کے بارے میں بیانیہ واضح طور پر پھیلنے لگا۔

متبادل حقوق سے متعلق ایک ویب سائیٹ “دی ڈیلی سٹرومر” کے عہدیدار اینڈری انگلن کا دعویٰ ہے کہ اس بارے میں حمایت بہت جلد حاصل کر لی گئی ہے۔

ان کا اشارہ ٹرمپ کے گزشتہ ہفتے کیے گئے اس فیصلے کی طرف تھا جس میں ریپبلکن صدارتی امیدوار نے اسٹیو بینن کو اپنی صدارتی مہم کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ بینن ایک قدامت پسند اخباری ویب سائیٹ “بریٹبرٹ” چلاتے ہیں جو کہ متبادل حقوق کا ایک بڑا پلیٹ فارم تصور کی جاتی ہے۔

اس ویب سائٹ پر تارکین وطن اور نسواں مخالف بیانیے کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔

ٹرمپ کی حریف ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے جمعرات کو الزام عائد کیا کہ ٹرمپ “منافرت پھیلانے والے گروپوں کو مرکزی دھارے میں لا رہے ہیں۔”

کلنٹن نے بینن کے تقرر کو سفید فام نسل پرستوں اور ریپبلکن جماعت کا ایک غیر معمولی انضمام قرار دیا۔

“ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مہم کو تعصب پر کھڑا کیا۔ بریٹبرٹ اور ٹرمپ کی مہم میں اشتراک متبادل حقوق کی غیر معمولی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔”

کلنٹن نے ٹرمپ کے دیگر ایسے اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا جو ان کے بقول امتیازی ہیں جن میں تارکین وطن سے متعلق ہتک آمیز زبان کے استعمال کے علاوہ مسلمانوں سے متعلق بیانات بھی شامل ہیں۔

ٹرمپ کی مہم نے نسل پرستی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے متبادل حقوق کے ساتھ اشتراک کی اطلاعات کو رد کیا۔