تحریر : کرنل محمد انور مدنی دنیائے بے ثبات میں ہر انسان منفرد طرز ِزندگی رکھتا ہے ۔نگاہ تاریخ نے گلشن ِہستی کو ویرانیوں اور بربادیوں کے شعلوں سے بھسم کرتے ،سفاکیوں اور خون آشامیوں سے بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلتے اور سہاگ ِانسانیت لوٹتے اُن لوگوں کو دیکھا ہے جو خالق ومعبود کو نہ پہچانتے ہیں اور نہ ہی بندگی کرتے ہیں بلکہ نیکی کے جتنے چراغ اُن کی زد میں آئیں اُنہیں گُل کرنے کے درپے رہتے ہیں ۔لیکن دوسری طرف وہ احباب ِ ذی قدر بھی جلوہ فرما ہیں جو اپنی قوتیں عروس ِ گیتی کی نوک پلک سنوارنے میں صرف کرتے ہیں۔
علم وعمل کے کاروان ِحکمت کی قیادت اُن کا طرہ امتیاز ہوتا ہے ۔زندگی کے سنسان صحرائوں میں نیکیوں کے خیاباں آباد کرنا اُن کا شوق ہوتا ہے ۔شاہراہ ِ حیات پہ ہر قدم انتہائی ذمہ داری سے رکھنا اُن کا افتخار ہوتا ہے۔ایسے ہی ذی مرتبت لوگوں میں عشق ِرسول ۖکے سفیر ،محبت آل ِرسول ۖکے پرجوش علم بردار ،علمی وادبی حلقوں میں معروف اسلامی سکالر ، معتدل اور ذہین سیاسی قائد اور سماجی رہنماہونے کے ساتھ ساتھ ایک منجھے ہوئے ادیب اور قادر الکلام شاعرجناب مخدوم سید علی عباس شاہ ہیں کہ جن کاقلم محض ایک بلند پایہ ادیب کاہی قلم نہیں بلکہ ایک داعی اور مربی کا قلم بھی ہے۔
آپ کی تحریرمیں تحقیق کے ساتھ خلوص اور دردمندی کی وجہ سے گہری تاثیر پائی جاتی ہے ۔آپ سادہ مگر دلچسپ اور مئوثرانداز سے بات کہنے کی قابل ِرشک صلاحیت رکھتے ہیں۔اکثر دیکھا گیا ہے کہ علمی ثقاہت کے بوجھ تلے شاعری اور تحریر کی شگفتگی دم توڑ جاتی ہے مگر آپ کی نثر ہو یا نظم نمایاں خوبی یہ ہے کہ خالص علمی موضوعات کی گتھیاں سلجھاتے ہوئے بھی ان کی تحریرمیں سلاست و روانی کے ساتھ تازگی برقرار رہتی ہے۔
Makhdoom Seyyed Ali Abbas Shah
آپ نے افراط وتفریط کے اس دور میں استقامت کے ساتھ تحریر وتقریر کے ذریعہ اپنے تبلیغی مشن کو جاری رکھا ہواہے ۔یہی وجہ ہے کہ دین سے سچی الفت رکھنے والے ان کے نیاز مند اور ممنون دکھلائی دیتے ہیں ۔میلاد النبی ۖ کی پرنور محافل ہوں یا اہل ِبیت ِرسول کی محبت کاذکر ،اصحاب ِرسول اور اولیاء اللہ کی منزلت کا اظہار ہو یا صوفیائے کرام کے ملفوظات کا تذکرہ آپ کی زبان وقلم اسلاف کی ترجمان ہوتی ہے ۔جلوت ہو یا خلوت ، تحریر ہو یا تقریر ،اعتقادی نظریات ہوں یا فروعی معاملات کبھی بھی آپ نے اکابرین ِامت کے مسلمہ مئوقف اور اجتہادی فیصلوں پر اپنی تحقیق وتدقیق اور رائے کو مقدم نہیں جانا بلکہ پوری جانفشانی سے راسخ الاعتقادی کے مبلغ ہیں۔
قوت ِگویائی نعمت بھی ہے اور طاقت بھی ۔بے حس قوموں کے لیے زندگی کی نوید بھی ہے اور الجھے بکھرے جذبات کے لیے نشان ِمنزل بھی ۔ٹوٹے دلوں کے لیے راحت وتسکین بھی ہے اور مردہ دلوں کے لیے مسیحائی بھی ۔کمزوروں کے لیے استقامت بھی ہے اور جوانمردوں کی علامت بھی اندھیروں میں سراج ہے تو فتح ونصرت کا تاج ۔غرض قوت ِنطق وہ شرف ِلطیف ہے جس سے ایک خاکی جسم اپنے انواع سے ممتاز ہوکر انسانیت تک رسائی حاصل کرلیتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ جہاں شمشیریں رُک جاتی ہیں وہاں تقریریں نہیں رکتیں ۔ سنگین دلوں کے سومنات جوتیز دھار ِتیغ سے فتح نہ ہوسکیں زباں کی جادوبیانی سے بڑی آسانی سے زیر دام آجاتے ہیں ۔دلوں میں اتر جانے والی گفتگو بہار کی اُس بارش کی طرح ہے جس کا ایک ایک قطرہ بنجر زمینوں میں روح بن کر اترتا ہے اور صحرا کو گلستاںبنا دیتا ہے۔
Khateeb e Haq
کوہ ِصفا پر تسنیم وکوثر سے دُھلے ہوئے مقدس الفاظ ہی تھے جن کے نور سے کفر وشرک کے اندھیروں میں ہدایت کے چراغ روشن ہو گئے۔ کیادلنشیںکلام تھا کہ جس کے آگے فصحائے عرب بے زبان ہو کر رہ گئے ۔الغرض خطابت ایسے فن کا نام ہے جس سے دوسروں کے سامنے اپنے مؤقف و مدعا کوخوبصورت انداز میں پیش ہی نہیں کیا جاسکتا بلکہ منوایا بھی جاسکتا ہے ۔آج کے پرفتن دور میں افراتفری ،قتل و غارت ،فرقہ پرستی کا طوفان ،نفرتوں کی یلغار یہ سب کچھ ان خطیبوں کی زبان ِآتش فشاں کانتیجہ ہے جن کے ذہنوں میں طاغوت نے زہر گھول رکھا ہے ۔چراغ ِمصطفوی ۖسے شرار ِبولہبی کی ستیزہ کاریوں تک خطبا کے کردار اور خطبات کے اثرات کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مخدوم علی عباس شاہ ان حقیقت شناس اہل ِحق خطبامیںسے ہیں جن کے خمیر میں دین ِمصطفٰی ۖکی محبت رچی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ اُن کی تقریریں اور تحریریں جہاں ناموس ِ مصطفٰی ۖ،عظمت ِاہل ِبیت ِاطہار وا صحابِ کبار کی امین ہیں وہیں وطن ِعزیز سے وفا کے جذبے سے سرشار ہوتی ہیں۔آپ کی خطابت میں شائستگی اور سنجیدگی کے اظہار کے ساتھ جہاں دلائل کی بھرمار ہوتی ہے وہاں الفاظ کا دامن محبت سے تربتر ہوتا ہے ۔دلوں میں اتر جانے والی زبان ِفیض نے اِن کے گرد محبت کرنے والوں کا ایک جہاں آباد کر رکھا ہے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کہ پاکیزہ خیالات کے اظہار کے لیے قلب ونظر کی طہار ت نماز کے وضو کی طرح ضروری ہے ۔آواز اور لہجہ کتنا ہی دلفریب کیوں نہ ہو صراط ِمستقیم کی نشاندہی کے لیے کبھی کارگر ثابت نہیں ہوتا ۔بے عمل مقرر کی تقریر بے موسم بارش کی مانند ہے جس سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ۔لوگوں کے جذبات ابھار کر دین میں فساد پیدا کرنے والا شعبدہ باز تو ہوسکتا ہے پاک رسو ل ۖکے منبر کا وارث نہیں ہو سکتا۔
Naqeeb e Wilayat
مخدوم سیدعلی عباس شاہ صاحب کی ہمہ جہت شخصیت میںتقویٰ وپرہیزگاری ،شب بیداری و جگر کاری آپ کے لطیف مزاج کا حصہ ہے ۔تصوف وطریقت گھر کی میراث ہے توحسب ونسب کی شرافت آپ کا نصیب ہے ۔آپ کے شبانہ روز خانقاہی طرزِزندگی کے تحت اورادووظائف میں گزرتے ہیں۔سلسلہ عالیہ حسینیہ حیدریہ کی روحانی درگاہ ِفیض کی مسند ِارشاد کے وارث ہیں۔ہزاروں لوگ اپنے دلوں کی صفائی کے لیے آپ کے حضور دامن پھیلائے حاضر ہوتے ہیں ۔ملک کے طول وعرض میں پھیلے آپ کے عقیدت مند مریدین جن کی روحانی تربیت آپ کی ذمہ داری ہے آپ کی مصروفیت کا حصہ ہیں۔
آپ کے خطابات ، مقالات ،ارشادات اور علمی نوادرکا ایک ایک لفظ جہاں محبت سے اجلا اور نکھرا ہے وہیں خوشبودار بھی ہے ۔آپ کی مثال اُس پھول کی سی ہے جو کانٹوں میں کھلتا اور مسکراتا ہے نہ صرف پاس سے گزرتی ہوائوں کو مہک دار بناتا ہے بلکہ مسلنے والے ہاتھ بھی خوشبودار بنا دیتا ہے۔ آج کے اس دور میں بے مقصد شاعری کے دریا سُوبہ سُو امنڈتے دکھائی دیتے ہیں جن میں لب و رخسار ،شراب وکباب کے تذکروں میں رنگ ِمجازی نمایاں اور حسن ِناپائیدار کی مدحت میں مادی ہوس کے خطرناک جام چھلکتے نظر آتے ہیں۔
گویا حقیقت سے دور مجازی افسانوں کی فراوانی کو شاعری کا مقصد ِاولین بنا لیا گیا ہے جس سے لادینیت کو کافی فروغ حاصل ہوا۔نوجوان معاشرے میں اخلاقی پستی ،دین سے بیگانگی ،تصوف سے ناآشنائی ،ذکر وفکر سے انحراف کی خوفناک اور مایوس کن طلسم آمیزصورت ِحال نے جنم لیا ہے آخر اس تنائو اور بگاڑکا ذمہ دار کون ہے ۔یقینامغربی تہذیب وتمدن کے دلدادہ ،محبوب ِحقیقی کے اوصاف ِ جلیلہ سے ناواقف ،راہِ سلوک کی خط ِمستقیم سے نا آشنا ،حقیقی عشق وکیف کی لذتوں سے بے بہرہ ، دنیاوی شہرت وہوس کی خاطرأسْفَلَ سٰفِلِیْن کی وادیوں میں آسودہ خوا ب نام نہاد شعراء ہیں۔
Mohaqqiq e dauran
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ شاعری عطیہ خداوندی ہے مگر اس کے استعمال پر تو مّاشَاکِراً وَّمّاکَفُوْراً کا اختیار حاصل ہے ۔چاہے تو حسان بن ثابت کی پیروی کرے اور چاہے تو وقتی منفعت کے حصول کی خاطر اہل ِدولت کی نغمہ سرائی یا ارباب ِاقتدار کے ایوانوں میں کشکول ِگدائی پھیلائے ۔یاد رہے کہ اس جہان ِرنگ وبو میں ان بلند اقبال ،نابغہ ٔ روزگار سخنوروں کی بھی نظیر نہیں ملتی جنہوں نے بے کار چٹانوں کے سینے پھاڑنے کی بجائے ثریا کی رفعتوں کو چیر کر لوح ِتقدیر پہ لکھی تحریریں اتاریں اور سینہء قرطاس پر بکھیر دیں۔جو راوی وچناب کی طغیانیوں میں غرق ہونے کی بجائے عشق ِحقیقی کے قلزم میں بے خطر کود پڑے یا تسلیم ورضا کے خنجر تلے ذبح ہو کر حیات ِجاودانی حاصل کر گئے۔
کشتگان ِخنجر تسلیم را،ہرزماں از غیب جان ِدیگر است ۔خاکدان ِگیتی پہ نقش اس زندہ وجاوید تاریخ کے باب میں حسان ،عطار،رومی ،جامی ،حافظ، سعدی ،اقبال ، جیسے اسمائے گرامی ثبت ہیں عصر حاضر میںفیض ِدرجت مخدوم سید علی عباس بھی ان اہل ِسخن کی صف میں جلوہ فگن ہیں جن کی فکرمیں حضرت ِحسان کی پیروی ،جامی کا درد ،رومی کا سوز،سعدی کی لے ومستی ، حافظ کا گداز ، اقبال کی فکر، نادم کی تڑپ ، بدرجہ اتم پائی جاتی ہے ۔آپ کو اللہ تعالیٰ نے غیر معمولی ذہانت وفتانت کے ساتھ طبع ِسلیم ،نگاہ ِنکتہ سنج اور وافر ذوق وشوق سے نوازا ہے۔
کلفٹن کی موجوں سے لے کر کشمیر کی جنت نظیر وادیوں تک سوہنی دھرتی کے ذرات آپ کی فکروتدبرکے امین ہیں ۔پاک سر زمین ہی نہیں بلکہ آپ کی صدائے دلنواز ،صوتِ ہادی بن کر مغربی دنیا کے کئی ممالک میں گونجتی رہی ہے۔ آپ اپنے دیس میں نامور شاعر ،بہترین خطیب ،ثقہ عالم دین ،مستند مصنف ، پختہ مزاج قائد ،حلیم وکریم طبع مصلح، باوفا دوست اور کامل شیخ ِطریقت ہونے کی وجہ سے اکثر علمی وادبی اور روحانی محافل کو اپنے دم قدم سے سراپا گلزار بنا رہے ہیں۔
Pir e Tareeqat
احکام ِشریعت کا اتباع وابلاغ آپ کا مقصد ِتخلیق ہے تو تصوف وطریقت کا سرچشمہ آپ کے گھر کی جاگیر ہے ۔جذب ومستی ،کیف ونیاز آپ کے ضمیر میں شامل ہے ۔سرور ِ دوجہاں ۖسے آپ کا نسبی وقلبی تعلق ہے۔ علوم ِشریعہ اور رموز ِطریقت پر دسترس حاصل ہے ۔طبیعت میں لطافت ونفاست کا عنصر ،شائستگی فن ،بے ساختگی ٔاظہار ، جذبات وحقائق کی ہم آہنگی کا سلیقہ آپ کا طرہ امتیاز ہے سرمستی وادب کے امتزاج سے پیدا ہونے والے ان کے لہجے میں کھنک بھی ہے اورکسک بھی ،اس لیے وہ دل ودماغ کو بیک وقت متاثر کرتا ہے۔
آپ نے تقریباًتمام شعری اصناف ،حمد ،نعت ، غزل ،منقبت ،نظم ،مرثیہ وغیرہ پر فارسی ،اردواور پنجابی زبانوں میں طبع آزمائی فرمائی ہے۔ آپ کے رشحات میں کمال درجہ کا نیاز وگداز،طلب واشتیاق ،جذب ومستی ،سیرت ِمصطفوی کے خدوخال ،ملی آشوب کا عکس ، طبع ِگراں کو ہلکا کرنے کا سامان پڑھننے سننے والوں کو بہم میسر آتا ہے ۔آپ کے کلام میں الفاط کی جھلمل اور اشعار کی ترنم خیزیاں ھُوْ کا عالم طاری کر دیتی ہیں۔
بعض مقامات پر تو کئی کئی واقعات ومعجزات اور کمالات کے تذکرے کنایوں اور استعاروں کی جل تھل میں سما جاتے ہیں ۔آپ کی نظم کاہرشعراورنثرکی ہر سطر جاندار بھی ہے او رشاندار بھی ۔جام جم سے کہیں سوا یہ جام حقیقی مستیوں سے سرشار کر دیتے ہیں۔
Mushaerah in Al Ain Inter-Continental Hotel
ایک اور پہلو سے آپ کے فن ِسخن کا جائزہ لیں تو جہاں آپ کے اشعار میں مدحت ِمحبوب ِدوعالم اور قصائد ِآل ِمصطفٰی کے تذکرے اوج پر ہیںاور غزلیات میں طہارت کا حسن اپنے جوبن پر ہے وہاں منکرین اوصاف ِنبوت اور دشمنان ِعترت ِمنعوت ِجہاںسے بیزاری کا رنگ بھی نمایاں نظر آتا ہے ۔چونکہ آپ کا نسبی تعلق بھی خاندان ِرسول ۖسے ہے اس لیے آپ کا پسندیدہ موضوع ِسخن عظمت ِاہل ِبیت وشان ِاصحاب ِرسول ہے ۔مریدوں کی محفل ہو یا بزم ِیاراں سجی ہواگر آپ کی دکھتی رگ پہ ہاتھ آجائے تو پھر آپ کی سخنوری کا آفتاب غروب ہونے کو نہیں آتا۔
کیونکہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ جس کو جس سے پیار ہوتا ہے مَنْ أحَبَّ شَیئاً فَأِکْثَرَ ذِکْرُہْ اس کی زبان پر اسی کا ذکر اذکار ہوتا ہے۔ مخدوم سید علی عباس شاہ کو اپنے موضوعات ونظریات سے صرف دلچسپی اور ہمدردی ہی نہیں ، عشق ہے بلکہ عشق بھی جنون کی حد تک ہے جو ان کے عمیق مطالعے اور گہرے مشاہدے کا بین ثبوت ہے۔ وہ قابل ِتحسین ہیں۔
Defence Analyst Colonel Anwar with Makhdoom Ali Abbas
ایک منفرد طرز کے محقق اور جادو بیاں مقرر ہیں اور اسلامی تاریخ وتحقیق کے حوالے سے درجنوںمقالات ومضامین کے مصنف ہیں ۔اگر ان کی تمام تصانیف کے حوالے سے ذکر کیا جائے تو ایک طویل داستان بن جائے گی ۔آپ کا انداز ِتحریر مئوثر ،جاندار اور مدلل ہے جس سے ہر شخص ہمیشہ مستفید و مستفیض ہوتا رہے گا۔