جناب سفیر پاکستان شکریہ

Pakistan

Pakistan

تحریر : شاہ بانو میر

ہم زندہ قوم ہیں پائیندہ قوم ہیں
ہم سب کی ہے پہچان
ہم سب کا پاکستان پاکستان

جناب سفیر پاکستان محترم معین الحق صاحب آپ ایک ایسی تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ٬ جس کی فرانس میں بستی پاکستانی قوم کو عرصہ دراز سے ضرورت تھی سازشوں کا شکار پاکستان گویا اب دنیا کیلئے مایوسی کی علامت بنتا جا رہا تھا۔ پاکستان کو جوانوں نے اپنے خونِ جگر سے سجایا پاکستان میں تو امن سکون آیا مگر بیرونی دنیا ابھی تک اس کو ماننے سے گریزاں تھی٬ دقیانوسیت اور شدت پسندی کا ٹیگ اتارے نہیں اتر رہا تھا٬ جناب سفیر ہم سب تہہ دل سے آپ کے ممنون و مشکور ہیں٬ کہ جشن پاکستان کی فرانس میں بنیاد ڈالی اپنے ہم وطنوں کے ساتھ فقید المثال پروگرام کا انعقاد کر کے گویا فرانس میں پاکستان کو پہلی بار مختلف اور مربوط انداز میں متعارف کروا کے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو نئی صحتمند مثبت سوچ دی ٬ آج آپ نے سی پیک کےحامل پاکستان جو کئی ثقافتی روایتی رنگ رکھتا ہے اس کے رنگ دنیا کو دکھا دیے٬ آپ نے ایٹمی قوت رکھنے والے پاکستان کا وقار اس کی طاقت کا خوبصورت مظاہرہ جدید انداز میں کروا کے “” پاکستان “” کو سرخرو کردیا٬ سبز ہلالی پرچم اور پاکستان کا ترانہ فرانس کی فضاوؤں میں گونجتا ہے تو کیا سماں بندھتا ہے ہر دھڑکن دل دل پاکستان کی لے پر جھومتی ہے۔

سفارتخانہ کے پریس سیکشن کی شاندار خدمات کا یہاں اعتراف کرنا چاہیے اور ان کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے٬ بہترین نظم و ضبط کے ساتھ کامیاب پروگرام کے اجراء پر٬ اس میلے کا آغاز پاکستانی اور فرانسیسی قومی ترانوں سے کیا گیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے پاکستان کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر پاکستانی کمیونٹی کو مبارک باد پیش کی۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کمیونٹی اور فرانسیسی دوستوں میں پاکستان کی آزادی کی 70 سالہ تکمیل کے جشن کو پاکستانی ثقافت اور موسیقی، پاکستان کے معروف ورثہ اور خوبصورت مناظر کو سیاحتی اعتبار سے متعارف کرانا تھا۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ اس میلے کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور ان کا ملک سے رشتہ مزید مضبوط کرنا اور ان کو تخلیقی و فنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

فرانسیسی قومی اسمبلی کے رکن فرانسوا پپونی اور سارسل ٹاؤن کے میئر نکولس مکونی نے اس یادگار موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ایک پرامن، جفاکش اور دوستی پسند قوم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کی وجہ سے نہ صرف فرانسیسی عوام کو ایک چھوٹا پاکستان دیکھنے کا موقع ملا بلکہ اس اس پروگرام کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید اضافہ بھی ہوا ہے۔

یاد رہے فرانسیسی قومی اسمبلی کے رکن فرانسوا پپونی پاکستانی کموینٹی میں ہمیشہ ایک الگ مقام رکھتے ہیں٬ اس میلے میں ان کی شمولیت نے 2010 میں پاکستان میں آئے شدید ترین سیلاب کی یاد تازہ کی جب مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا کہ نیشنل اسمبلی میں ان کے ساتھ میٹنگز میں شریک ہوئی ٬ ان کی ہمدردانہ کوششوں سے پاکستان کے امدادی پروگرام میں یہودی ٬ ہندو ٬ سکھ ٬ بدھ مت ٬ اور دیگر اقوام کے نمائیندوں نے صرف شرکت کی بلکہ اُس وقت خطیر رقم جمع کی گئی ٬
آج پھر پاکستان کے جشن میں ان کا آنا گویا تجدید عہد تھا کہ وہ اس ملک کے لوگوں کو ان کے جزبوں کو پہچانتے ہیں ان کے ساتھ ہیں٬
سفیر پاکستان نے فرانسیسی مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔ یہ شیلڈز انہیں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ فلاح و بہبود کے اعتراف میں دی گئیں۔

اس میلے میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ثقافتی اور فیشن شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں لوک گیت اور پاکستان کے مختلف علاقائی لباسوں کی شاندار نمائش نے خوب داد وصول کی۔ فرانس میں آج یہ شاندار پاکستانی ثقافت جلوے بکھیر رہی ہے٬ رنگ و نور کا جیسے سیلاب امڈ آیا ہو٬ پاکستانی فیملیز نےاپنی موجودگی سے اس کی شان کو دوبالا کیا ہے۔

آج یہ صرف ایک پروگرام نہیں تھا بلکہ سفارت خانہ پاکستان نے ہمارے خیالوں کو ہماری سوچوں کو اپنے عمل سے حسین تعبیر دی ہے ٬ وہاں موجود ہر چہرہ روشن ہر دل شاداں و فرحاں ٬ زندہ قوم کا کامیاب مظاہرہ پاکستانی پکوانوں کے ان گنت ذائقے رنگ برنگے ملبوسات ٬ آرائش و زیبائش کی ستائش ہی ستائش ہر جانب٬ پاکستان کیا ہے؟ ہماری روحانی طاقت ہے٬ ہمارا اعتماد ہمارا یقین ہے جو برس ہا برس سے فرانس میں اندرون ملک حالات کی وجہ سے مایوس تھا ٬ نا امید تھا٬ کمزور تھا٬ ہر پاکستانی جیسےاندر سے ڈول رہا تھا۔

آج ہم پھر سے جی اٹھے ہیں٬ پھر سے جان میں جان آئی ہے٬ روشن پاکستان اور کامیاب ملک کے شہری کیسے ہوتے ہیں؟ آج کسی کو دیکھنا ہو تو فرانس کے اس “””جشن پاکستان””” میں دیکھے بچوں کے معصوم چہروں پے امڈتی حیرت اورنوجوان نسل کی کثیر تعداد میں شرکت باعث اطمینان ہے ان کو آج نیا پاکستان دیکھنے کو ملا ٬ جلتا بکھرتا تنہا پاکستان نہیں بلکہ سنورتا سجتا پر امید پاکستان ہے٬ اور اس تبدیلی کا لئے ہم جناب سفیر آپ کے مشکور ہیں۔

یہ میرا پاکستان ہے٬ یہ آپکا پاکستان ہے یہ ہم سب کا پاکستان ہے٬ بہت کامیاب بہت بے مثال بہت قابل رشک جشن ایسا کہ جس کا تذکرہ طویل عرصہ تک زبان زد عام رہے گا٬ جناب سفیر آپ نے نئی نسل اور فرانس کمیونٹی کو اُس پاکستان سے متعارف کروایا ہے جو صرف عروج ہے ٬ بلندی ہے٬ جس پر کچھ طاقتوں نے متعدد بد رنگ پردے ڈال کر اسے بدنما بنانے کی کوشش کی۔

آج آپ نے سب پردے چاک کر دیے اور چھپا ہوا چاند ستارہ اجاگر کر کے فرانس میں بسنے والے ہر اس شخص پر احسان کیا ہے ٬ جو محب وطن ہے٬ جو عظیم پاکستان کا عظیم فرزند نظر آنا چاہتا تھا٬ “”ایک ہے تو تنہا ہے بند ہیں تو مُٹھی ہیں “” شکریہ پاکستان (سفارتخانہ پاکستان) مجھے اور میرے ہم وطنوں کو نئی شناخت نئی پہچان دینے کیلئے ٬ شکریہ پاکستان فرانس میں آج پاکستان کا پرچم ترانہ اور اس قوم کو ایک ساتھ جمع کرنے پر شکریہ۔

Shah Bano Mir

Shah Bano Mir

تحریر : شاہ بانو میر