’’امن یکجہتی واک‘‘ کا قافلہ اسلام آباد روانہ

Solidarity Peace Walk

Solidarity Peace Walk

کراچی (جیوڈیسک) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد حنیف طیب نے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر اورنگزیب سلطان کی زیر قیادت ’’امن یکجہتی واک ‘‘ میں شامل چودہ رکنی قافلے کو کراچی پریس کلب سے اسلام آباد روانہ کر دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی، وقار مہدی، رانا محمدعلی خان اور احمدرضا طیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حاجی محمد حنیف طیب نے کہاکہ قیام امن پاکستان کی بنیادی ضرورت ہے،واک کا مقصد دہشت گردی کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے عالمی شہرت یافتہ ورلڈریکارڈ ہولڈراورنگزیب سلطان اور اُن کے ساتھیوں کی اس واک کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی انکے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ دوران واک کراچی سے اسلام آباد تک ایک ایمبولینس ان کے ساتھ رہے گی اور اسلام آبادمیں بھی المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے انکا شاندار استقبال کیاجائے گا۔

انہوں نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ ہر شہر میں انکا استقبال کیا جائے اور اُن کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے۔ چالیس روز میں یہ قافلہ کراچی سے اسلام آباد پہنچے گا۔