کراچی (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے 100ارب کے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے، جب تک بھارت سے پانی اور کشمیر کے تنازع حل نہیں کیے جاتے پاک بھارت تعلقات میں بہتری ناممکن ہے۔
کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اعزاز میں استقبالیہ منعقد ہوا۔ استقبالیے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا محور کوئی نواب، خان یا سرمایہ دار یا جاگیردار نہیں، ان کی سیاست شریعت کے گرد گھومتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے دورہ بھارت کی دعوت عجلت میں قبول کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میاں صاحب مسئلہ کشمیر اور پانی کے مسائل پر بھارت سے بات کریں، جب تک یہ مسائل حل نہیں ہوتے بھارت سے دوستی قبول نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ افغانستان سے امریکا لوٹ رہاہے اور اب امریکی ایجنٹ بھی وہاں حکومت نہیں کرسکیں، بہت جلد افغانستان میں اسلامی حکومت قائم ہوجائیگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لئے 100ارب کے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے۔استقبالئے سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے بحی خطاب کیا۔