امریکا کی 50 ریاستوں میں شدید برفباری، حادثات میں 4 افراد ہلاک

Snowfall

Snowfall

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی 50 ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ امریکا بھرمیں سردی زور پکڑ گئی ، درجہ حرارت صفر سے نیچے گر گیا۔

معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، شمال مشرقی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ، امریکی شہر بفےلو اور مضافاتی علاقوں میں صبح سویرے شدید برفباری ہوئی ، جس کے باعث لوگ گاڑیوں اور گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ نیاگرا فالز کے قریب شہر کے جنوبی علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 4 سے 5فٹ برف پڑ چکی ہے۔

امریکی کی تمام 50 ریاستوں کو اس وقت شدید سرد موسم کا سامنا ہے ، شمالی فلوریڈا میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شدید برف باری کے باعث جنوب مشرقی ریاستوں کے بعض علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ جنوبی ریاستوں کو بھی خون جمادینے والی سرد ہوائوں کا سامنا ہے۔

برف باری کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوا ہے۔ مسافروں کو ائیرپورٹس پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑا ،، برف باری سے کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی جبکہ متعدد کائونٹیز میں اسکولوں کو بند رکھا گیا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق برف باری کا سلسہ مزید کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔