کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے امریکا پر دہشت گردوں کی حمایت کا ایک اور الزام عائد کر دیا ہے۔ سابق صدر حامد کرزئی کا کہنا ہے امریکی ہیلی کاپٹر افغانستان میں داعش کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔
برطانوی براڈ کاسٹر چارلس شوبرج سے انٹرویو میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکا ان کے ملک میں داعش کی مدد کر رہا ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ اس بات کے ثبوت ہیں کہ کسی نشانی کے بغیر ہیلی کاپٹر انہیں سپلائز دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے مجھے شک نہیں یقین ہے ، بہت سے لوگ میرے پاس آئے ہیں اور انہوں نے مجھے بتایا ہے کہ بغیر کسی نشانی ، بغیر کسی فوجی رنگ کے ہیلی کاپٹر ان لوگوں کو سپلائی دے رہے ہیں ، ایک جگہ پر نہیں، بلکہ افغانستان کے مختلف حصوں میں ۔ اور یہ روزانہ کی بات ہے اور یہ خبر روزانہ ہمیں لوگوں سے ، گاؤں والوں سے اور ہماری حکومت کے ذرائع سے مل رہی ہیں ۔ حامد کرزئی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ امریکا کی اس سیاست میں خطے کے خلاف کوئی سازش یا کوئی حکمت عملی ہے۔