امریکا میں بنگلہ دیشی شہری کو 30 برس قید کی سزا

America

America

نیویارک (جیوڈیسک) نیویارک امریکا میں بنگلہ دیشی شہری کو دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے جرم میں 30 برس قید کی سزا، مجرم نے گزشتہ برس فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تھی۔ کی ایک عدالت نے بنگلہ دیشی شہری کو دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے جرم میں 30 برس قید کی سزا سنا دی۔

مجرم نے گزشتہ برس فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 22 سالہ قاضی محمد رضوان الاحسن نفیس نے رواں برس فروری میں بم دھماکا کرنے کی منصوبہ بندی اور دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی مدد کرنے جیسے الزامات قبول کر لیے تھے۔

نفیس کا منصوبہ ایف بی آئی کے انڈر کور ایجنٹس نے ناکام بنا دیا تھا۔ نفیس نے ایک ہزار پانڈ وزنی دھماکا خیز مواد کو ایک گاڑی میں ڈال کر اسے موبائل فون کی مدد سے اڑانے کی کوشش کی تاہم اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ اس کے پاس موجود دھماکا خیز مواد جعلی تھا، جو اسے ایف بی آئی کے ایجنٹس نے ہی مہیا کیا تھا۔

نفیس کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ القاعدہ کے جن کارکنوں سے رابطے میں تھا دراصل وہ ایف بی آئی کے ایجنٹ تھے اور وہ نفیس کے تمام اعمال کی ریکارڈنگ کر رہے تھے۔ اس دوران نفیس نے متعدد بار کہا تھا کہ وہ امریکا اسی لیے آیا ہے تاکہ وہ دہشت گردانہ حملہ کر سکے۔ قاضی محمد رضوان الاحسن نفیس تعلیم کی غرض سے امریکا پہنچا تھا۔

17 اکتوبر کو نفیس نے ایک انڈر کور ایجنٹ کے ساتھ مل کر ایک وین میں ایک ہزار پانڈ وزنی دھماکا خیز مواد لادا اور اس وین کو وال سٹریٹ کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت کے باہر پارک کر کے نزدیک ہی واقع ایک ہوٹل پہنچ گیا۔ پھر اس نے موبائل فون کے ذریعے دھماکا کرنے کی کوشش کی۔

اس کے ان تمام اعمال کی ریکارڈنگ کی جا رہی تھی۔ نیویارک میں فیڈرل ریزرو بینک کی عمارت اس سائٹ کے بالکل قریب ہی واقع ہے، جہاں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جڑواں عمارتیں تھیں۔ ان ٹاورز کو گیارہ ستمبر 2001 کے دن القاعدہ کے دہشت گردوں نے تباہ کر دیا تھا۔

یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کیرول امون نے نفیس کو تیس برس قید کی سزا سنائی جس کے بعد یو ایس ڈسٹرکٹ اٹارنی لوریٹا لنچ نے صحافیوں کو بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے چاق و چوبند ہونے کے نتیجے میں نفیس کی شہادت پانے کی خواہش اور حملے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نفیس کے اعمال اسے جیل لے گئے ہیں، جہاں وہ اب تیس برس گزارے گا۔