واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملکی آئین میں دی گئی اس گارنٹی کو ختم کر دیں گے جس کے تحت امریکی سرزمین کے کسی بھی حصے میں پیدا ہونے والے کسی بھی بچے کو ملکی شہریت دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات وسط مدتی انتخابات سے ایک ہفتہ قبل کہی ہے، جس کا مقصد بظاہر تارکین وطن کے خلاف اپنے بیانیے کو ہوا دے کر ملکی ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرنا ہے۔
ٹرمپ نے اس نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کا ایک دستخط ایسا کرنے کے لیے کافی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے یہ حیران کن اعلان امریکی نیوز ویب سائٹ Axios کے ساتھ ایک انٹرویو میں کیا گیا۔ یہ بیان آج منگل 30 اکتوبر کو ہی پانچ ہزار امریکی فوجیوں کو میکسیکو کے ساتھ سرحد پر بھیجنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ان فوجیوں کو سرحد پر بھیجنے کا مقصد ٹرمپ کے بقول میکسیکو سے تارکین وطن کی امریکا پر ’چڑھائی یا حملے‘ کو روکنا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پیدائش پر امریکی شہریت کے حق کو ختم کرنے کی بات اس سے بھی زیادہ متنازعہ ہے کیونکہ یہ سوال بہرحال موجود ہے کہ کیا کوئی صدر آئین میں تبدیلی کا حق رکھتا بھی ہے یا نہیں۔
اپنی انتخابی مہم میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا، ’’اپنی جنوبی سرحد پر میں ایک دیوار تعمیر کرنا چاہتا ہوں اور کوئی بھی مجھ سے بہتر دیواریں نہیں بنا سکتا۔ میں اس دیوار کی تعمیر کے اخراجات میکسیکو سے حاصل کروں گا۔‘‘ بہرحال ابھی تک انہوں نے اونچی عمارتین اور ہوٹل ہی بنائے ہیں۔ ٹرمپ کے تارکین وطن سے متعلق دس نکاتی منصوبے میں اس دیوار کی تعمیر کو اوّلین ترجیح حاصل ہے۔
امریکی سرزمین پر پیدا ہونے والے ہر بچے کو امریکی شہریت دیے جانے کا حق آئین کی چودہویں ترمیم میں دیا گیا تھا۔ آئین میں تبدیلی کے لیے کانگرس میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے، جس کا موجودہ انتہائی منقسم اور دو جماعتوں میں تقریباﹰ برابر تقسیم اس قانون ساز ادارے میں سوچنا بھی محال ہے۔
تاہم ٹرمپ نے اس نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کا ایک دستخط ایسا کرنے کے لیے کافی ہے۔ Axios کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’مجھے ہمیشہ بتایا گیا کہ اس کے لیے ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہے۔ مگر پتہ ہے کیا؟ آپ کو اس کی ضرورت نہیں۔‘‘ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا، ’’اب وہ کہہ رہے ہیں کہ میں یہ ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے کر سکتا ہوں۔‘‘
امریکی فوجیوں کو میکسیکو کی سرحد پر بھیجنے کا مقصد ٹرمپ کے بقول میکسیکو سے تارکین وطن کی امریکا پر ’چڑھائی یا حملے‘ کو روکنا ہے۔
ٹرمپ کا اس موقع پر نادرست طور پر یہ بھی کہنا تھا کہ صرف امریکا ہی ایسا ملک ہے جو اس طرح سے شہریت دیتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’ہم دنیا میں واحد ایسا ملک ہیں جہاں ایک شخص آتا ہے، بچہ پیدا کرتا ہے اور اس شخص کو لازمی طور پر آئندہ کے 85 برسوں کے لیے امریکی شہریت مل جاتی ہے، تمام تر فوائد کے ساتھ۔ یہ احمقانہ بات ہے، یہ بات احمقانہ ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔‘‘