واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن کو برطرف کرتے ہوئے ان کی جگہ سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو کو عہدہ دیدیا ہے، جینا ہاسپل نئی سی آئی اے چیف مقرر
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریکس ٹلرسن کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کچھ پالیسی معاملات پر اختلافات تھے۔ امریکی میڈیا میں خبریں کافی عرصہ سے زیرِ گردش تھیں کہ وزیرِ خارجہ کو کسی بھی وقت عہدے سے ہٹا دیا جائے گا یا وہ مستعفی ہو جائیں گے۔ تاہم ان خبروں پر ٹلرسن کا کہنا تھا کہ ان کا صدر سے کوئی اختلاف نہیں اور وہ بدستور اپنے ملک کے وزیر خارجہ ہیں۔
ٹلرسن کی جگہ اگلے وزیرِ خارجہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ مائیک پومپیو ہونگے۔ ٹرمپ کے مطابق پومپیو اس منصب پر اپنے فرائض شاندار انداز میں سرانجام دیں گے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے خفیہ ادارے سی آئی اے کی سربراہ کے طور پر ایک خاتون جینا ہاسپل کو نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہاسپل پہلی امریکی خاتون ہوں گی جو اِس اہم ادارے کی سربراہی سنبھالیں گی۔