امریکا میں کرونا کے کیسوں کی تعداد اطالیہ اور چین سے تجاوز کر گئی: نیویارک ٹائمز

Corona in America

Corona in America

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی اخبار New York Times کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اخبار نے اکٹھا کی گئی معلومات کی بنیاد پر بتایا ہے کہ 30 کروڑ آبادی والے ملک امریکا میں کرونا وائرس کے 81321 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ اس طرح امریکا میں متاثرہ افراد کی تعداد اطالیہ (80,539) اور چین (81,285) سے تجاوز کر گئی ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز تک دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

گذشتہ ہفتے تقریبا 33 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے کی درخواستیں پیش کیں۔

امریکا میں ہسپتالوں میں آنے والے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد گنجائش سے تجاوز کر رہی ہے ،،، جب کہ 40 فی صد امریکی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کے لیے گھروں میں بند ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے سبب کم از کم 1178 افراد فوت ہو چکے ہیں۔ ان میں 100 افراد ایک روز قبل نیویارک میں لقمہ اجل بنے۔ نیویارک کا شمار ملک میں کرونا سے سب سے متاثرہ علاقوں میں کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق متاثرہ افراد کے حوالے سے نئے اعداد و شمار سے یہ توقع ہے کہ اس وبائی مرض کے سبب جان سے ہاتھ دھونے والے امریکیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ امریکا میں متاثرہ افراد کی حقیقی تعداد سرکاری طور پر بیان کی گئی تعداد سے کافی زیادہ ہو سکتی ہے کیوں کہ متعلقہ ٹیسٹ کے وسائل کے حوالے سے شدید قلت ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں جمعرات کی شام تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 68,440 ہو چکی ہے۔